فیصل آباد، صدر وائی ڈی اے سمیت متعدد ڈاکٹرز کورونا سے متاثر

May 29, 2020


فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے صدر ڈاکٹر نعمان عارف سمیت سرکاری اسپتالوں کے متعدد ڈاکٹرز کوروناوائرس سے متاثر ہوگئے۔

جنرل سیکریٹری وائی ڈی اے ڈاکٹر عدنان کے مطابق وائی ڈی اے کےصدر ڈاکٹر نعمان عارف بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ الائیڈ اسپتال کے ڈاکٹر سلمان شکور کےبھائی اور بھابھی کا کورونا بھی مثبت آیا ہے۔

ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ابھی ہمیں ڈاکٹر سلمان شکور کے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

وائی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری کا کہنا ہے کہ الائیڈ اسپتال فیصل آباد کے گائنی وارڈ کے 14ڈاکٹرز کورونا کے مریض بن چکے ہیں، جبکہ سول اسپتال گائنی وارڈ کے4 ڈاکٹرز بھی کورونا سے متاثر ہیں۔

اس کے علاوہ وائی ڈی اے کے پیٹرن چیف ڈاکٹر معروف، ان کی اہلیہ بھی کورونا سے متاثر ہیں۔

وائی ڈی اے نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کے لئے اسپتال میں الگ قرنطینہ قائم کئے جائیں، کیونکہ اس وباء سے متاثرہ کئی ڈاکٹرز گھروں میں قرنطینہ ہیں جس سے ان کے اہلخانہ متاثر ہوسکتے ہیں۔