لیڈی گاگا نے طویل انتظار کے بعد اپنا چھٹا میوزک البم جاری کردیا

May 31, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ 34 سالہ لیڈی گاگا نے طویل انتظاراورتاخیرکے بعد بالآخراپنا نیا میوزک البم ریلیز کردیا۔ واضح رہے کہ لیڈی گاگا کا آخری اور پانچواں میوزک البم ’جاؤنے‘ 2016 میں ریلیز ہوا تھا جبکہ ان کا چوتھا البم 2014، تیسرا البم 2013، دوسرا البم 2011 اور پہلا البم 2008‘ میں ریلیز ہوا تھا۔ لیڈی گاگا نے گزشتہ برس سے ہی اپنے چھٹے میوزک البم کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے باتیں کرنا شروع کی تھیں، لیکن انہوں نے رواں برس تصدیق کی تھی کہ وہ اپریل 2020 میں چھٹا میوزک البم ریلیز کریں گی، تاہم پھر کورونا کی وبا کے باعث انہوں نے میوزک البم کی ریلیز کو ملتوی کردیا تھا۔تاہم اب انہوں نے طویل انتظار اور تاخیر کے بعد اپنا چھٹا میوزک البم ’کرو ماٹیکا‘ 29 مئی کو ریلیز کردیا۔ اگرچہ لیڈی گاگا نے اب تک 6 ہی آڈیو میوزک البم ریلیز کیے ہیں، تاہم وہ 2 ریمکس میوزک البم ریلیز کرنے سمیت 3 ویڈیو البمز بھی ریلیز کرچکی ہیں جب کہ انہوں نے درجنوں سنگل گانے بھی جاری کیے ہیں۔ گلوکاری کے علاوہ لیڈی گاگا نے 2018 میں فلم ڈیبیو بھی کیا تھا اور ساتھ ہی انہیں عالمی فیشن آئیکون کے طور پر بھی شہرت حاصل ہے اور جلد ہی وہ دوسری فلم میں بھی دکھائی دیں گی۔ نئے البم کی تصویری اور ویڈیو جھلکیوں سے بھی اندازا ہوتا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی بولڈ اور روایتی ڈانس پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔