منشیات کیس میں سزا پانیوالے کے اہل خانہ کے اثاثے بحال

May 31, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے منشیات کیس میں سزا پانے والے ملزم کے اہل خانہ کے 9برس قبل منجمد اثاثہ جات فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیدیا، معلوم ہوا ہے کہ اے این ایف نے تین مارچ 2011کو شاہ میر خان کو چار کلو ہیروئن برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا، 26مارچ 2013کو ٹرائل کورٹ سے ملزم کو چار سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ملی تھی لیکن اے این ایف نے ملزم کی اہلیہ عابدہ پروین سمیت اس کے دو بیٹوں فیصل شاہ اور ثاقب شاہ کے اثاثے27اپریل 2011کو منجمد کرکے ثوثیق کیلئے سترہ جون 2011کو عدالت میں درخواست دیدی جس پر آج تک زیادہ تر تاریخیں پڑتی رہیں۔ گزشتہ روز عدالت نے اتنی پرانی درخواست کے زیرسماعت ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اے این ایف کی درخواست خارج اور تمام اثاثے بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب ان کیخلاف منشیات کا کوئی کیس بھی درج نہیں تو پھر کیسے ان کے اثاثے منجمد کئے جا سکتے ہیں۔