عید گزر گئی، مرغی، پھل، سبزیاں سستی نہ ہوئیں

May 31, 2020

عید گزر گئی، مرغی، پھل، سبزیاں سستی نہ ہوئیں

رمضان المبارک کے بعد عید بھی گزر گئی، لاہور میں مہنگائی کا جِن قابو میں نہ آسکا، پھل، سبزیوں، مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی۔

رمضان المبارک کی طرح عید الفطر کے موقع پر بھی لوگ مسلسل مہنگائی کی چکی میں پستے رہے، انہیں امید تھی کہ عید کے بعد کچھ ریلیف ملے گا، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔

سبزیوں، پھلوں اور مرغی کے گوشت سمیت کوئی چیز ایسی نہیں جو عام آدمی کی پہنچ میں ہو۔

مارکیٹ سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ پرانا آلو 60 روپے کلو بِک رہا ہے تو نیا آلو 85 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے، شہری کہتے ہیں کہ وہ جائیں تو جائیں کہاں؟

لاہور میں پیاز 35 روپے، ٹماٹر 45 روپے ، لیموں 160 روپے، ادرک 320 روپے، لہسن 280 روپے اور بینگن 30 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

شہرِ اقبال میں پھلوں میں آم 100 سے 320 روپے، لوکاٹ 180 روپے، تربوز 20 روپےفی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ میں گوشت، سبزیاں، چینی، آٹا مہنگا

دیگر پھلوں میں فالسہ 160 روپے، آلو بخارا 225 روپے اور سیب 200 سے 260 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

مارکیٹ میں مرغی کی قیمت 280 سے 320 روپے فی کلو ہے۔

شہریوں کامطالبہ ہےکہ عام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ ان کے لیے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالنا آسان ہو سکے۔