اقوام متحدہ کو کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرنا پڑے گا، شاہ محمود قریشی

May 31, 2020

اقوام متحدہ کو کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرنا پڑے گا، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو جنیوا میں انسانی حقوق تنظیم کے سامنے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آر ایس ایس کی سوچ دنیا کے سامنے ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا آگاہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 1848 میں بننے والا چرچ آج بھی موجود ہے جبکہ بھارت میں بابری مسجد کو شہید کردیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابری مسجد کی شہادت پر بھارتی سپریم کورٹ تماشائی بنی رہی۔

ہمیں اقلیتی برادری کے ہر رکن پر فخر ہے

پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں اقلیتی برادری کے ہر رکن پر فخر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایک اقلیتی کمیشن بنایا ہے، جس میں سب کی نمائندگی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس کمیشن کا مقصد پاکستان میں اقلیتی برادری کو بتانا ہے کہ یہ ملک سب کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اقلیتی کمیشن کی تشکیل میں رہنمائی کی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقلیتی کمیشن کا سربراہ ممتاز ہندو تاجر کو بنایا گیا۔

یہ پہلی حکومت ہے جس نے کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا

چینی کمیشن رپورٹ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس چینی کمیشن کی فرانزک رپورٹ سامنے آچکی ہے کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاشتکار کو کم قمیت اور غریب کو مہنگی چینی دینے والوں کو جواب دینا ہوگا کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی اتھارٹی (سی پیک) محفوظ ہے بھارت خوش نا ہو، سی پیک مکمل ہوگا، یہ ایک گیم چینجر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا حق ہے، اپوزیشن سے درخواست کروں گا کہ اسمبلی میں آئیں اور مثبت تجاویز بھی دیں۔

ایٹم بم بنانے کا سہرا پوری قوم، افواج پاکستان کو جاتا ہے

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے متعلق شاہ محمود قریشی نے بھی ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ایٹم بم بنانے کا فیصلہ ذوالفقار علی بھٹو کا ہے، افواج پاکستان نے اس کی حفاطت کی، اور ہر ادوار میں آنے والی حکومتوں نے اس کو آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹم بم بنانے کا فیصلہ ملتان میں میرے ماموں کے گھر پر ہوا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایٹم بم بنانے کا سہرا پوری قوم اور افواج پاکستان کو جاتا ہے۔