وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی، شہباز گل

June 01, 2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 56 روپے 89 پیسے تک فی لیٹر کمی کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاکہ پچھلے 2 ماہ میں پیٹرول 37 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 42 روپے، مٹی کا تیل 57 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل 39 روپے فی لیٹر سستا کیا جا چکا ہے، یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے پٹرول، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کےتیل کو مزید سستا کردیا ہے۔ جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک کے مقابلے میں اب ہمارے ہاں ایندھن کم ترین نرخوں پر دستیاب ہے۔

بھارت میں یہ ہم سے دوگنا مہنگا ہے جبکہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال وغیرہ میں اس کے نرخ ہم سے 50سے 75فیصد تک زیادہ ہیں۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےذریعے ریلیف فراہم کیا ہے۔