ہمیں کورونا کے اعداد وشمار نہیں حقیقت دکھائیں، شنیرا اکرم

June 01, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ پاکستانی عوام کو کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے اعداد وشمار نہیں بلکہ حقیقت دکھائیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں شنیرا اکرم نے کہا کہ ’ہم ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جسے ہم دیکھ نہیں سکتے لیکن ہم پھر بھی لڑ رہے ہیں۔‘

شنیرا اکرم نے کہا کہ ’میں سمجھ سکتی ہوں کہ ہمارے ملک کے لیے یہ جنگ مشکل ہے، اِسی لیے ہمیں اعداد و شمار کے بجائے حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’لوگوں کو یقین دلائیں تاکہ وہ بھی اِس جنگ کو لڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔‘

شنیرا اکرم نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ہم اِس جنگ کو اُسی صورت میں جیتیں گے جب ہمارے ملک کا ہر مرد، عورت اور بچہ کورونا وائرس پر یقین رکھے گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اِس جنگ میں ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا، اخبارات اور سیاستدان اپنی طاقت کا صحیح استعمال کریں اور عوام کو بتانے کے بجائے اُن کو اصل معاملات دکھائے جائیں کہ حقیقت میں اِس جنگ سے لڑنے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 72 ہزار 460ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 543 ہو گئی۔