پنجاب: لاک ڈاؤن کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری

June 02, 2020

وفاقی حکومت اور پنجاب کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈپارٹمنٹ کیپٹن (ر) محمد عثمان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بند رہیں گے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈپارٹمنٹ کے مطابق سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تمام کاروباری مقامات پیر سے جمعہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی، تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔

کال سینٹرز کو 50 فی صد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلانے کی اجازت ہو گی۔

گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔

تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 15جون تک نافذ العمل رہے گا۔