امریکی گلوکارہ چیر عمران خان کی مداح نکلیں

June 03, 2020

معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ چیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔

امریکی گلوکارہ و اداکارہ چیر نے اسلام آباد کے چڑیا گھر سے کاون نامی ہاتھی کی آزادی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں چیر نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی اُس وقت سے مداح ہوں جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے۔‘

چیر نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے یہی سوچتی تھی کہ عمران خان ایک مہربان انسان اور اچھے اخلاق کے مالک ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے: امریکی گلوکارہ کی جدوجہد، پاکستان کا تنہا ترین ہاتھی آزاد ہوگیا

امریکی گلوکارہ نے مزید کہا کہ ’میں عمران خان کی شُکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے اسلام آباد کے چڑیا گھر سے کاون کو آزاد کروایا۔‘

چیر نے اِس ضمن میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ تنہا ہاتھی کی آزادی کے لیے مہم امریکی گلوکارہ چیر نے چلائی تھی جس کے بعد سلام آباد ہائیکورٹ نے سری لنکن حکام سے رابطہ کرکے کاوان کے لیے موزوں جگہ تلاش کرنیکا حکم دے دیا۔

33 سال کے اس نر ہاتھی کو سری لنکا سے پاکستان لایا گیا تھا اور گزشتہ چار سال سے اس ہاتھی کی آزادی کے لیے امریکی گلوکارہ عدالتی جنگ لڑ رہی تھیں اور اس کی مرغزار چڑیا گھر سے رہائی کے لیے کوشاں تھیں۔

امریکی گلوکارہ نے انٹرنیٹ پر اس ہاتھی کو تنہا، ایک چھوٹے پنجرے میں زنجیروں میں دیکھنے کے بعد یہ مہم شروع کی تھی۔