شہباز شریف کو لوٹی ہوئی دولت بچانے کی فکر ہے، شہباز گل

June 03, 2020

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی ضمانت ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں مجرموں کی ضمانتیں پسند ناپسند پر نہیں ہوتیں، شہباز شریف کو صرف لوٹی ہوئی دولت بچانے اور سیاست کی فکر ہے۔

ایک بیان میں شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جواب دینا ہے داماد اور بیٹوں کو سرکاری خرچ پر کیسے عیاشی کراتے رہے؟

انہوں نے کہا کہ جتنے ڈرامے کرلیں آپ کو جواب دینا ہے، 56 کمپنیوں سے کیسے ملکی معیشت پر ڈاکہ ڈالا۔

شہباز گل نے کہا کہ حکومت پاکستان کو طعنے مارنے سے پہلے دیکھ لیں دنیا بھر میں کورونا نے کیا تباہی مچائی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اللّٰہ کے کرم اور وزیراعظم پاکستان کے بروقت فیصلوں نے پاکستان کو بڑی آفت سے محفوظ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کھرب پتی شریف خاندان کم از کم اپنا اسپتال ہی کورونا کے مریضوں کیلئے وقف کر دیتا۔