عدل و انصاف کے عَلم بردار’’حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ‘‘

June 05, 2020

مفتی غلام مصطفیٰ رفیق

گزشتہ دنوں ایک روح فرسا،انتہائی غم ناک اور درناک واقعہ پیش آیا،اور اس واقعے کی خبر عالمی نشریاتی اداروں اورذرائع ابلاغ میں بھی نمایاں طورپر نشر کی گئی ۔ امت مسلمہ، پاکستان کے علماء اور دین دار طبقے کی جانب سے اس روح فرسا اور انتہائی الم ناک واقعے کی بھرپور مذمت ہوئی ، اور اسمبلیوں میں اس پر قراردادِ مذمت بھی جمع کرائی گئی ہے۔یہ واقعہ خیرالتابعین ،عمر ثانی، خلیفۂ راشد ،امیرالمؤمنین حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ ،ان کی نیک سیرت اوربلند کردار زوجہ محترمہ فاطمہ بنت عبدالملک اور ان کے خادم خاص شیخ ابو زکریا بن یحییٰ المنصور کی قبروں اور ان کے اجساد کی بے حرمتی کا واقعہ ہے۔

یہ الم ناک واقعہ ملک شام کے صوبے ادلب میں پیش آیا، اور چند اسلام دشمن، شرپسند ،بدبخت اور شقی القلب لوگوں نے ان کے مزار کو نشانہ بنایا ، نشر ہونے والی خبروں کے مطابق ان کے اجساد کی بھی سخت بے حرمتی کی ۔اس سفاکانہ عمل سے معلوم ہوتاہے کہ ایسے لوگوں کا دین اسلام اور انسانیت سے دور کابھی واسطہ اور تعلق نہیں ہے،ایسے افراد انسانوں کی صورت میں وحشی درندے اور خوںخوار بھیڑیے ہیں کہ ان کے شر سے نہ زندہ انسان محفوظ ہیں اور نہ ہی تیرہ صدیوںقبل دنیا سے رخصت ہونے والے نیک سیرت اور تاریخ کے روشن کردار افراد محفوظ ہیں ۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے ،کم ہے۔

حضرت عمر بن عبدالعزیزؒاسلامی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں ، جن کی خلافت نے خلافتِ راشدہ کا نمونہ پیش کیا، اور جن کے عدل و انصاف کی نظیر بعد کے زمانوں میں نہیں ملتی ،تاریخ اسلام کے یہ روشن اور بلند کردارتاریخ عالم میں ہمیشہ سربلند رہیںگے، ان کا نام ان شاء اللہ تاقیامت بلند اور روشن رہے گا، ان کی عظمتیں مسلمانوں کے قلوب سے ختم نہیں ہوسکتیں۔ہمارے دین میں قبروں کی یامُردوں کی بے حرمتی کی کوئی اجازت نہیں، قبروں کی حفاظت اور احترام لازم قرار دیا گیا ہے، اور کوئی بھی ایسا عمل جس کی وجہ سے قبروں کی یا مُردوں کی بے احترامی ہو، اس سے منع کیاگیاہے۔چنانچہ احادیث میں رسول اللہ ﷺنے قبروں پر چلنے ، بیٹھنے، انہیں تکیہ بنانے سے سخت منع فرمایاہے۔

یہ بھی بتایاگیا ہے کہ مردے کو تکلیف دینا ایساہی ہے ،جیساکہ آپ اسے زندگی میں تکلیف دے رہے ہوں ، میت کی ہڈی کو توڑنا ایساہی ناجائز ،حرام ،ظلم اور زیادتی ہے، جیساکہ وہ زندہ ہواور ا س کے ساتھ یہ معاملہ کیاجائے۔ مومن کو مرنے کے بعد تکلیف دینا ایساہی ہے ،گویااسے اس کی زندگی میں تکلیف دی جارہی ہو۔مُردوں کو ایذادینے سے منع کیا گیاہے۔ان دینی تعلیمات سے معلوم ہواکہ یہ وحشیانہ عمل وہی لوگ کرسکتے ہیں جن کا دین اسلام اور انسانیت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہ ہو، بلکہ وہ انسان نما درندے اور بھیڑیے ہوں ۔

حضرت عمر بن عبدالعزیزؒمصر کے شہر حلوان میں اور ایک قول کے مطابق مدینۂ منورہ میں 61ہجری میں پیدا ہوئے، آپ کا سلسلہ نسب خلیفہ دوم سیدنا عمرفاروق رضی اللہ عنہ سے ملتا ہے،آپ کا ننھیال مدینہ منورہ میں ہی آباد تھا، جس زمانےمیں ان کی والدہ مدینہ میں قیام پذیر تھیں، یہ عمربن عبدالعزیزؒکے بچپن کا زمانہ تھا، بچپن میں عمر بن عبدالعزیزؒکی آمد و رفت حضر ت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماکے پاس بکثرت رہتی تھی، بعدازاں عمربن عبدالعزیزؒمصر چلے گئے اور وہاں ایک مدت تک رہے۔

پھر مدینہ آمد ہوئی اور وہاں بعض صحابۂ کرامؓ اور اکابر تابعین ؒسے علوم کی تحصیل کی اور رسول اللہ ﷺکی احادیث نقل فرمائیں ۔ بیس سال کی عمر کو پہنچے تو آپ کے چچا خلیفہ عبدالملک بن مروان نے اپنی صاحبزادی فاطمہ کو آپ کے عقد زواج میں دے دیا،ربیع الاول 87ہجری میں ولید بن عبدالملک کی خلافت کے زمانے میں آپ کو مدینہ طیبہ کا حاکم مقرر کیاگیا،آپ نے اس عرصے میں مسجد نبوی ؐکی توسیع کاکام کیااور ازواج مطہراتؓ کے حجرے مسجد نبویؐ میں شامل کیے گئے، نیز مدینہ کے اطراف کی مساجد کو منقش پتھروں سے تعمیر کرایا۔اسی زمانے میں حضرت انس بن مالکؓ عراق سے مدینہ تشریف لائے ، انہوں نے عمربن عبدالعزیزؒکو نماز اداکرتے دیکھا اور عمربن عبدالعزیزؒکی کیفیت اتنی پسند آئی کہ حضرت انسؓ نے لوگوں سے فرمایا:رسول اللہ ﷺکے بعد میں نے کسی امام کے پیچھے نمازنہیں پڑھی جس کی نماز آنحضرت ﷺکی نماز سے اتنی مشابہت رکھتی ہو جتنی کہ تمہارے اس امام کی ۔ایک جلیل القدر اور رسول اللہ ﷺکے خادم خاص صحابی کی جانب سے یہ بہت بڑی شہادت ہے۔

حضرت عمربن عبدالعزیزؒنے خلافت کا بار اٹھاتے ہی جو فوری فیصلے فرمائے، وہ عدل و انصاف کے قیام کے فیصلے تھے ، انہوں نے ابتدائی فرامین میں ہی بعض ایسے لوگوں کو معزول کیاجنہوں نے عوام پر ظلم و ستم ڈھائے تھے، اس سے معلوم ہوتاہےکہ اقتدار کی بقاء اور عوامی دلوں پر حکمرانی عدل وانصاف کے ساتھ مربوط ہے۔آپ نے خلیفہ مقر ر ہوتے ہی زہد وقناعت کی زندگی اختیار کی اور انواع واقسام کے کھانے اور مشروبات یکسر ترک کردیے ، آپ کے لیے عام رعایا کے کھانوں کی مانند کھانا تیار ہوتا اور کسی چیز میں ڈھک کررکھ دیاجاتا ،جب مصروفیات سے فارغ ہوتے تو خود ہی تناول فرماتے ، اس سے زیادہ کوئی اہتمام نہ ہوتا۔بیت المال سے جو وظیفہ ایک عام آدمی کو ملتا، وہی عمربن عبدالعزیزؒ نے اپنے لیے بھی اختیار کیا، اس سے زیادہ کچھ نہ لیتے ،بیت المال کو تمام رعایا کا حق سمجھتے اور ذرہ برابر اس کی اشیاء کو اپنے استعمال میں لانے کے حق میں نہ تھے، حتیٰ کہ بیت المال کی خوشبوسونگھنے کو بھی پسند نہ کرتے تھے ۔

آپ کی اہلیہ فاطمہ بنت عبدالملک فرماتی تھیں، میں نے عمربن عبدالعزیزؒسے زیادہ کسی کو اللہ کے خوف سے کانپتے نہیں دیکھا، جب وہ اپنے بستر پر اللہ کی یاد میں مصروف ہوتے تو چڑیا کی طرح پھڑپھڑانے لگتے، یہاں تک کہ ہمیں اندیشہ ہوتا کہ ان کا دم گھٹ جائے گا۔سادگی کا یہ حال تھا کہ ایک ہی کُرتا استعمال کرتے ، ایک دن جمعہ کی نماز کے لیے ذرہ دیر ہوگئی ،لوگوں نے اعتراض کیا تو عمربن عبدالعزیزؒنے فرمایا:میں نے اپنی قمیص دھوئی تھی ، اس کے سوا کوئی کپڑا موجود نہ تھا اور اس کے سوکھنے کے انتظار میں مجھے دیر ہوگئی۔

آپ نے جو حالت اپنے لیے پسند کی، وہی اپنے گھرانےا ور اپنی اولاد کے لیے پسند کی ، اور خلیفہ وقت ہونے کے باوجود اپنی اولاد اور گھرانے کوان کے حق سے زیادہ کچھ نہیں دیا، مسلمانوں کے اموال سے جس طرح خود دور رہے ،اپنے اہل وعیال کو بھی دور رکھا، زہد وقناعت خود اختیار کی اور گھرانے کو بھی اسی کی تعلیم دی، ان کی صاحبزادیوں سے متعلق ایک عجیب واقعہ ان کی سیرت میں لکھا گیا ہے کہ ایک رات عشاء کے بعد اپنی صاحبزادیوں سے ملاقات کے لیے پہنچے ،انہوں نے اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لیا اور دروازے کی جانب لپکیں ، عمربن عبدالعزیزؒ نے وجہ دریافت کی تو معلوم ہوا کہ شام کے کھانے میں مسورکی دال اور پیاز کے سوا کچھ نہ تھا، اسی سے انہوں نے اپنا پیٹ بھراہے، انہیں یہ گوارانہ ہواکہ ان کے منہ کی بو والد محسوس کریں ، حضرت عمربن عبدالعزیزؒروپڑے اور فرمایا:میری بیٹیو !تمہیں اس سے کیا نفع ہوگا کہ تم رنگارنگ کے کھانے کھاؤ اور تمہاے باپ کو پکڑ کر دوزخ میں لے جایاجائے۔

یہ کہہ کر عمربن عبدالعزیزؒ واپس پلٹے اور صاحبزادیوں کی روتے روتے چیخیں نکل گئیں۔آپ کی ایک صاحبزادی نے ایک بار آپ کے پاس ایک موتی بھیجا اور کہا کہ اس کے ساتھ کا ایک اور موتی اگر بیت المال سے مل جائے تومجھے دے دیں، میں اپنے کانوں میں پہن لوں ، حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے اس فرمائش کو دیکھا تو دو انگارے بھیج دیئے اور فرمایااگر انہیں کانوں میں پہن سکتی ہوتو دوسرا موتی بھیج دوں گا۔اندازہ کیجیے کہ خلیفہ وقت بیت المال سے اپنی صاحبزادی کو ایک موتی بغیرحق کے دینے کو تیار نہیں ہیں ۔

خلافت کے امور میں عمربن عبدالعزیزؒکے تین معاون اور مددگار تھے ، ایک آپ کے بھائی سہل بن عبدالعزیز،دوسرے آپ کے صاحبزادے عبدالملک بن عمربن عبدالعزیزؒ اور تیسرے آپ کے خادم مزاحم ، ان تینوں کا انتقال آپ کی حیات میں ہوگیا، اور آپ ان کے انتقال سے سخت مغموم ہوئے، کچھ ہی عرصہ ہواتھا کہ آپ مرض الوفات میں مبتلاہوئے تو اللہ سے عافیت کی موت کی دعا کی ، مرض الوفات میں اپنے نوعمر بچوں کو بلایا، انہیں دیکھ کر عمر بن عبدالعزیزؒ کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور فرمایا:میں قربان جاؤں ، یہ بے چارے نوعمر ہیں ، جنہیں خالی ہاتھ چھوڑ کر جارہاہوں،لیکن میرے بیٹو!میں تمہارے لیے بہت سی خیر چھوڑکر جارہاہوں ، میں دوراہے پرکھڑا تھا، یا تم مالدار ہوجاتے (یعنی ناجائز دولت تمہارے لیے اکٹھی کی جاتی )اور میں جہنم کا ایندھن بن جاتا، یاتم ہمیشہ کے لیے فقیر وقلاش ہوجاتے اور میں جنت میں چلاجاتا،میرے خیال میں میرے لیے یہی دوسرا راستہ بہتر تھا،جاؤ!اللہ تمہارا حافظ ونگہبان ہو، جاؤ!اللہ تمہیں رزق دے گا۔

چنانچہ عمربن عبدالعزیزؒنے ترکے میں فقط سترہ دینار چھوڑے، جن میں سے سات دینار کفن دفن میں خرچ ہوئے اور دس دینار اولاد میں تقسیم ہوئے، لیکن اللہ نے عمربن عبدالعزیزؒکے زہد وقناعت ، اولاد کے لیے حلال روزی کی دعا اور جذبے کی ایسی لاج رکھی کہ حضرت عمربن عبدالعزیزؒکی اولاد میں سے ایک شخص ایک دن میں اللہ کے راستے میں سوگھوڑوں کا عطیہ دیتا ہوا دیکھاگیااور جن لوگوں نے اقتدار کے زمانے میں لوگوں کا حق اپنی اولاد کے لیے سمیٹا ،وہ ایسے لاچار ہوئے کہ ان کی اولاد کو لوگ غربت کی وجہ سے صدقہ دیاکرتے تھے۔

حضرت عمر بن عبدالعزیزؒدو سال چار ماہ اور چند دن خلیفہ رہے،رجب 101ہجری میں آپ کا وصال ہوا۔آپ نے فقط چالیس سال کی عمر پائی۔ آپ نے اپنی خلافت کے زمانے میں ظلم وستم کا خاتمہ کیا،اللہ کی زمین کو عدل وانصاف سے بھردیا، تمام لوگوں کو ان کے حقوق مکمل طور پردیئے، عوام کو اور حکام کو کتاب وسنت کی پابندی کا حکم دیا۔ بیت المال سے مقروضوں کے قرض ، کنواروں کی شادی ، اور ذمیوں کی دیکھ بھال میں اموال خرچ کرنے کا حکم دیا۔ہر شخص ان کی خلافت کے زمانے میں اتنا خوشحال ہوگیا تھا کہ صدقہ وزکوٰۃ لینے والاڈھونڈنے سے بھی نہ ملتا تھا، آپ کی خلافت کے زمانے میں یحییٰ بن سعید افریقہ گئے ، وہاں صدقات وصول کرکے فقراء پر تقسیم کرنے کے لیے انہیں تلاش کرنا شروع کیا، لیکن کوئی شخص صدقہ لینے والا نہ مل سکا، بالآخر اس رقم سے غلام خرید کر آزاد کیے۔

حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ اسلامی تاریخ کے مایہ ناز خلیفہ ، عادل و منصف حاکم اور خداترس انسان تھے،ان کی محبت ہمارے ایمان کا تقاضا ہے، اور ان کا ذکر خیر ہمارے لیے رحمتوں،سعادتوں ،برکتوں اور فلاح کا باعث ہے۔اسی لیے امام احمد بن حنبل ؒ فرماتے تھے :جب تم کسی ایسے شخص کو دیکھو جس کے دل میں عمر بن عبدالعزیز ؒ سے محبت کا جذبہ موجود ہو، اور ساتھ ساتھ وہ شخص عمر بن عبدالعزیزؒ کی اچھائیاں اور خوبیاں بیان کرتا ہوتو ایسے شخص کے بارے میں یقین کرلو کہ اس کا انجام خیر وبرکت والاہوگا۔

آج بھی مسلمانوں کےدل میں اسلامی تاریخ کے عظیم حکم راں،عدل و انصاف کے عظیم علم بردار حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی عظمت واحترام باقی ہے، تاریخ کی کتب سے معلوم ہوتاہے کہ عباسی حکومت کے زمانے میں انہوں نے اموی حکمرانوں کی قبروں کے ساتھ بے احترامی کامعاملہ کیاتھا،لیکن حضرت عمربن عبدالعزیزؒ کی قبر کو اس زمانے میں بھی ان کی نیک نامی ،زہد وعفت اور عدل وانصاف کی حکمرانی کی بناء پرکسی نے نہیں چھیڑا، مشہور قبروں کے نشانات فناہوگئے تھے ،لیکن عمربن عبد العزیز ؒکی قبر سرافتخار بلند کرکے قائم رہی اور آج تک یہ احترام مسلمانوں اور غیر مسلموں میں قائم رہا، اب کچھ درندہ صفت اسلام دشمنوں نے جن کے دل ظلمت اور کدورت سے بھرے ہوئے ہیں، ان کی قبراور ان کے اجساد کی بے حرمتی کرکے اپنی دنیاوعقبیٰ کی بربادی پر مہر ثبت کردی۔