بدعنوان ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے،حاجی منیر

June 05, 2020

وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ یو کے، کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہےکہ ان ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے جن پر کرپشن، لاقانونیت، ناانصافی،منی لانڈرنگ،لینڈ مافیا،قومی سرمائے کی لوٹ کھسوٹ کے مقدمات اعلیٰ عدالتوں میں زیر بحث ہیں۔ حاجی محمد منیر نے کہا پوری قوم نیب سمیت اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا قانون اور انصاف کی بالادستی سے ہی ملک میں جمہوری نظام چل سکتا ہے ۔ موجودہ جمہوری نظام سرمایہ دارانہ نظام حکومت ہے، جہاں وڈیرے،سرمایہ دارملک میں قانون اور انصاف کی بالادستی نہیں چاہتے ۔ ان بد عنوان سیاستدانوں کی وجہ سے ملک اقتصادی و معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ اس ملک کے سابق سیاستدان اعلیٰ عدلیہ کیے فیصلوں کو نہیں مانتے ۔ ان بد عنوان سیاستدانوں نے ملک میں جمہوریت کو ذریعہ معاش بنا رکھا ہے ۔ قانون اور انصاف کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ اور ملک بدامنی کا شکار ہے ۔ ان سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کو مچھلی بازار بنا رکھا ہے ۔ حاجی محمد منیر نے کہا پوری قوم نیب کے ساتھ کھڑی ہے، سب کے مقدمات منظر عام پر لائے جائیں کسی کو معاف نہ کیا جائے ۔ حاجی محمد منیر نے کہا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نیب کی عدالت میں پیش نہ ہو کر قانون اور انصاف کا مذاق اڑایا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے یہ لوگ ملک میں جمہوریت کے نام پر قوم کا استحصال کر رہے ہیں ۔ پاکستان کے عوام کو ان کرپٹ چور سیاستدانوں کے طرز عمل سے سبق حاصل کریں اور نئی تعلیم یافتہ نوجوان نسل کو ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے قیادت کرنی چاہیے ۔ حاجی محمد منیر نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان پر مقدمہ چلانے والے پہلے اپنے مقدمات میں کلیئرنس حاصل کریں اگر عمران خان نے کوئی کرپشن کی ہے ان کا بھی عدالتی ٹرائل ہونا چاہیے ۔