پی سی بی نے ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا

June 06, 2020

پی سی بی نے ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میڈیا پر ہونے والے شور کے بعد پاکستان کر کٹ بورڈ نے احسن قدم اٹھاتے ہوئے اپنے نچلے درجے کے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے،کر کٹ کے حلقوں نے بورڈ کے اس اقدام کو قابل ستائش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کورونا کی صورت حال میں برطرفی سے کئی گھرانے متاثر ہوتے یہ ایک اچھا فیصلہ ہے،کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے غیر ضروری اور غیر فعال اسٹاف کو فارغ کرنے کا فیصلہ فی الحال روک دیا۔دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملازمین کو فارغ کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور پہلے مرحلے میں لوئر گریڈ کے پانچ ہیلپرز اور آفس بوائز کو نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔جب کہ ایک روز قبل پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے 10 چھوٹے ملازمین کو فارغ کیا تھا جنہیں اب دوبارہ نوکریوں پر بحال کر دیا گیا ہے۔پی سی بی نے 55 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے نوٹسز واپس لے لیے ہیں۔ذرائع کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی نے 55 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا تاہم اب نوٹسز واپس لے لیے گئے ہیں، 55 میں سے 22 ملازمین مستقل بنیادوں پر کام کر کر رہے تھے۔جبکہ 33کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت تیس جون کو ختم ہو رہی تھی، کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدوں میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی، مستقل ملازمین معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔ ملازمین نکالنے کے فیصلوں سے متعلق پی سی بی کو کڑی تنقید کا سامنا تھا پی سی بی ملک میں مالی اعتبار سے سب سے مضبوط ادارہ تصور کیا جاتا ہے، امکان ہے کہ ممکنہ طور پر اضافی اور غیرفعال اسٹاف فارغ کرنے کی پالیسی پر مستقبل میں عمل درآمد ہوگا۔