بے چینی کی دلدل سے نکلنے کیلئے مسلم قیادت اتحاد کا مظاہرہ کرے‘جمعیت ن

June 06, 2020

کوئٹہ ( آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارچشتی نے شام کے صوبہ ادلب میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیز اور ان کی اہلیہ کے مقدس مزارات کی شرپسندوںکے ہاتھوں بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبروں کی بے توقیری وبے حرمتی نے تمام عالم اسلام وڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانو ں کے جذبات واحساسات کو جھنجھوڑکررکھ دیا لیکن افسوس اسلامی دنیا کے نام نہاد حکمران اس غیر انسانی عمل پر خامو ش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قبروں کی بے حرمتی سے عالم اسلام کو جو صدمہ پہنچا وہ ناقابل برداشت وناقابل معافی جرم ہے اس پرمعافی مانگی جائے اورجن قبروں کی بے حرمتی کی گئی ان کوواپس تعمیر کیاجائے اور ملوث عناصر کونشان عبرت بنایاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ بے چینی و اضطرب کی دلدل سے نکلنے کے لئے اتحاد ویکجہتی ناگزیر ہوچکا۔امت مسلمہ حیرت و اضطراب سے اپنی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ اسلامی دنیاکے حکمران واقعہ کیخلاف عالمی فورم پر آواز اٹھاکر مجرمان اورانکی پشت پنا ہی کرنیوالے عناصر کوبے نقاب کروائیں اورمجرموں کو اسلامی قوانین کے مطابق عبرتناک سزادی جائے تاکہ مسلمانوں میں پایا جانے والا غم وغصہ ختم ہوسکے۔