ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی کارڈیالوجی ہسپتال انتظامیہ کے رویہ کی مذمت

June 06, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) ینگ نرسز ایسوسی ایشن چوہدری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کی صدر رخسانہ احمد کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کارڈیالوجی ہسپتال انتظامیہ کے رویہ اور نرسز سے ناروا سلوک رکھنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی مذمت کی گئی، اجلاس میں نسرین گل، شازیہ منظور، عظمیٰ جبین و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ بعدا ازاں عہدیداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چوہدری پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اے ایم ایس سمیت چار ڈاکٹروں نے کارڈیالوجی ہسپتال کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے، ان کے رویہ کے خلاف انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا مگر ڈاکٹروں اور نرسوں کی لڑائی میں ہسپتال انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر رخسانہ احمد کا کہنا تھا کہ اے ایم ایس سمیت دیگر ڈاکٹرز نرسوں سے بدتمیزی کرتے ہیں، انہیں گھٹنے ٹیکنے ، معافیاں منگوانے، کرپشن کرنے پر ساتھ دینے اور سیکرٹری کی ڈسپوزل پر بھیجوانے کی دھمکیاں دیتے ہیں جوکہ غلط ہے، اس آمرانہ رویہ کے باعث نرسیں دلبرداشتہ ہوچکی ہیں، انہوں نے وزیراعظم سے مذکورہ صورت حال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔