سعودی عرب میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

June 06, 2020

سعودی عرب کے مختلف شہروں طائف، نجران اور جازان میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ شہری دفاع کے مطابق سعودی عرب کے شہر الباحہ میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے سبب ایک شہری ہلاک ہوگیا۔

محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ تبوک میں گرد آلود ہوائیں چلیں جبکہ تیما اور حائل کمشنریز میں تیز آندھی سے حد نگاہ کم ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیزان، ابوعریش سمیت 15 کمشنریز، کھلے مقامات اور شاہراہوں پر گرد آلود ہواؤں نے نظام زندگی معطل کردیا ہے۔

محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں شہریوں اور مقیم افراد کو جانے کی سخت ممانعت کی گئی ہے۔