سفارتکار محمد صادق افغانستان میں نمائندہ خصوصی تعینات

June 07, 2020

سینئر سفارتکار محمد صادق کو پاکستان کا نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کردیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ نمائندہ خصوصی کی تقرری پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوگی۔

محمد صادق اس وقت خارجہ امور کی مشاورتی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں۔ 1993 اور 1994میں وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر ذمے داریاں سنبھال کر کچھ ہی دنوں میں وہ برسلز اور بیجنگ کے سفارتخانوں میں تعینات رہے۔

2001 میں دو سال کیلئے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر امورِ کشمیر مقرر ہوئے، اس کے بعد واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مقرر ہوئے، اسی مدت میں انہوں نے پاکستانیوں کیلئے پہلا انٹرن شپ پروگرام شروع کیا۔

محمد صادق نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا ای میل ڈیٹا بیس مرتب کیا اور امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس بنانے کیلئے پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کو متحرک کیا۔ 2007 سے 2009 تک وہ ترجمان دفتر خارجہ رہے، پھر 2009 سے 2014 تک افغانستان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر فرائض انجام دیئے اور 2016 تک محمد صادق وزیراعظم آفس کے نیشنل سیکورٹی ڈویژن کے سیکرٹری تعینات رہے۔