بجٹ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے خطیر رقم رکھی گئی ہے: تیمور سلیم جھگڑا

June 14, 2020

بجٹ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے خطیر رقم رکھی گئی ہے: تیمور سلیم جھگڑا

وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی اخراجات کم کرکے کورونا وبا کے لیے رقم مختص کریں گے، بجٹ میں حفاظتی کٹس، کورونا ٹیسٹوں اور اسپتالوں میں سہولیات میں اضافہ کے لیے فنڈز رکھے ہیں۔

تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ خسارے کا بجٹ پیش کرنے کےلیے تیار ہیں، خسارے کا بجٹ پیش کرنے میں کوئی شرم نہیں ہے، صوبے پر قرضوں کا بوجھ زیادہ نہیں ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آ ئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے شاید قرضہ بھی لینا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 ارب روپے صحت انصاف پروگرام کے لیے رکھے ہیں، صوبے کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، بجٹ میں تعمیراتی شعبے کو رعایت دی جائے گی، کاروبای طبقے پر ٹیکسز کم کیے جائیں گے، بیشتر ٹیکسوں کوختم کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ٹیکسوں کو کم کرکے ٹیکس نیٹ میں مزید لوگوں کو لایا جائے گا۔