زمین کے گہرے ترین مقام پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

June 16, 2020

پاکستان کی خیر سگالی سفیر امریکی خاتون ونیسا او برائن نے بحر اوقیانوس کے 10 ہزار 923 میٹر سب سے گہرے ترین مقام ’چیلنجر ڈیپ‘ پر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا۔

سمندر کا مذکورہ مقام اتنا گہرا ہے کہ اگر دنیا کی سب سے بلند چوٹی ایورسٹ کو وہاں رکھا جائے تو بھی پانی اس سے 2 کلومیٹر بلند سطح پر ہوگا۔

ونیسا اس مہم کو مکمل کرنے کے بعد زمین کے سب سے اونچے اور گہرائی والے مقامات تک پہنچنے والی پہلی خاتون بن گئیں ہیں اور اپنا نام گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروانے میں بھی کامیاب رہی ہیں۔

ونیسا او برائن نے 2017 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ کو سر کیا تھا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ پاکستان کا پرچم ان اہم جھنڈوں میں سے ایک ہے جو وہ کے ٹو کی چوٹی پر لے کر گئی اور پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مجھے بہت زیادہ محبت اور سپورٹ ملی۔

علاوہ ازیں ونیسا کے اعزاز میں پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ شاندار اور انتہائی مہمان نواز ہیں، ان کی دوستی عمر بھر کیلئے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا پاکستان کی جو تصویر دکھاتا ہے، وہ اصل پاکستان کی عکاسی نہیں، اصل پاکستان دیکھنا ہے تو وہاں جا کر دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے ونیسا او برائن کو 2017 میں کے ٹو سر کرنے اور زمین کے سب سے گہرے مقام تک پہنچنے والی پہلی خاتون بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور لوگوں کو آپ پر فخر ہے۔

نفیس زکریا نے ونیسا اوبرائن کے ہمراہ تصویریں بھی بنوائیں۔