جاوید اختر نے گھر بلاکر راکیش روشن سے معافی کا مشورہ دیا تھا،کنگنا رناوت

June 22, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ کنگنا رناوت گزشتہ کافی دنوں سے سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد فلم انڈسٹری پر حملہ کرتےہوئے ایک ویڈیو جاری کیا تھا۔ اس ویڈیو کے بعد انٹرنیٹ پر نیپوٹزم کی بحث تیز ہوگئی ۔ وہیں حال ہی میں انہوں نے ایک بیان شیئر کرکے بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ جو ہوا اس میں کچھ نیا نہیں ہے، جس طرح آج مہیش بھٹ سشانت سنگھ راجپوت کے ذہنی تناؤ کا موازنہ پروین بوبی سے کر رہے ہیں، ایسا ان کے ساتھ بھی ہوچکا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کے بارے میں بتایا جب جاوید اختر نے انہیں گھر بلاکر معافی مانگنے کا مشورہ دیا تھا۔کنگنا رناوت کی بہن رنگولی بھی اس واقعہ کے بارے میں انکشاف کرچکی ہیں۔ وہیں اب کنگنا رناوت نے بھی اس پر بات کی ہے۔ کنگنا رناوت کہتی ہیں کہ پہلی اور آخری بار جاوید اختر نے انہیں گھر بلایا تھا اور باتوں ہی باتوں میں سمجھاتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے راکیش روشن سے معافی نہیں مانگی تو انہیں نقصان ہوسکتا ہے اور اس کا خمیازہ کنگنا رناوت کو بھگتنا پڑ سکتا ہے، اس لئے بہتر ہوگا کنگنار ناوت، روشن فیملی پر بات کرنے کی بجائے معافی مانگ لیں۔ کنگنا رناوت مزید کہتی ہیں کہ جس طرح کا یش راج کے ساتھ معاہدہ تھا اور انہیں تنگ کیا گیا ٹھیک ویسے ہی ان کے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔ آدتیہ نے انہیں فلم ’سلطان’ کے لئے اپروچ کیا تھا، لیکن منع کرنے پر آدتیہ نے انہیں فون کرکےکبھی کام نہ دینے کی بات کہتے ہوئے دھمکایا تھا۔ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد انڈسٹری میں ان کے خلاف گروپ بازی ہونے لگی تھی اور ان کی لولائف میں انہیں تنگ کیا گیا اور 6کورٹ کیس کئے گئے اور انہیں جیل بھیجنے تک کی تیاری کی گئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں بہت تناؤ تھا۔ لوگ کہتے تھے کہ کوئی ایسا ویسا قدم نہ اٹھا لینا۔