اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ، متحدہ کے رکن اسمبلی کے بھائی اور بہنوئی زخمی

June 22, 2020


کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے بھائی اور بہنوئی زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی فدا حسین جعفری کے مطابق فوری طور پر پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر فائرنگ کی تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم پولیس چھان بین کر رہی ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ کس جگہ پر پیش آیا۔

اورنگی ٹاون پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ لگتا ہے۔

ایس ایس پی فدا حسین جعفری کے مطابق ایس پی اورنگی موقع پر پہنچے، جنہوں نے ایم پی اے صداقت حسین کے بھائی سے صورتحال معلوم کی تو پتہ چلا کہ فائرنگ کا واقعہ گھر کے باہر پیش نہیں آیا۔

ایس پی کے مطابق مختلف اہل محلہ سے بھی بیانات لیے گئے ہیں جنہوں نے فائرنگ کے کسی واقعہ سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔