سنتھیا کی رحمٰن ملک پر مقدمے کی درخواست، پولیس کو نوٹس جاری

June 23, 2020

اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کر دیا۔

اسلام آباد کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج نے رحمٰن ملک کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر نوٹسز جاری کیے۔

سنتھیا ڈی رچی نے اپنی دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رحمٰن ملک سے جان کو خطرہ ہے، تھانہ سیکریٹریٹ پولیس درخواست کے باوجود مقدمہ درج نہیں کر رہی۔

سنتھیا ڈی رچی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت رحمٰن ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست پر پولیس سے 27 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ بلاگر، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور فلم میکر کہلانے والی امریکی شہری سنتھیارچی آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر تنازعات کی زد میں ہیں اور ان کے ٹویٹ اور ویڈیوز کا ہدف پیپلز پارٹی اور اُس کی اعلیٰ قیادت ہے۔

سنتھیا رچی نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک پر جنسی زیادتی جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

رحمٰن ملک کے خلاف اندارج مقدمہ سنتھیا ثبوت نہیں دے سکیں، پولیس

رحمٰن ملک کا سنتھیا رچی کو 50 ارب ہرجانے کا دوسرا نوٹس

یوسف رضا گیلانی، رحمٰن ملک اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنتھیا رچی کے اِن الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجوایا ہے جس کے جواب میں سنتھیا رچی نے بھی یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔