پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رحمٰن ملک نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا دوسرا نوٹس بھیج دیا۔
اس حوالے سے رحمٰن ملک کے ترجمان نے بتایا کہ ان کے وکلا نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو نوٹس بذریعہ کوریئر بھیجوا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرا نوٹس سنتھیا رچی کو نجی چینلز پر رحمٰن ملک کے خلاف من گھڑت الزامات لگانے پر جاری کیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی سیاست میں طلاطم پیدا کرنے والی سنتھیا رچی نے الزام عائد کیا تھا کہ رحمٰن ملک نے تقریباً 10 سال قبل انہیں اس وقت ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب ملک میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی۔
پی پی پی سینیٹر اور سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ان کے اس دعوے کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دیا تھا جبکہ ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوایا تھا۔
تاہم اب دوسرے نوٹس بھجوانے کے بعد ایک مرتبہ پھر سینیٹر رحمٰن ملک کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کے لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، ان کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ٹی وی پروگراموں میں نازیبا اور بےبنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی خاتون کو اس کے جھوٹ کے پلندے کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گا۔