ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

June 26, 2020

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سکھر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔

ترجمان سیپکو کا کہنا ہے کہ سکھر کے جن علاقوں میں لائن لاسسز زیادہ ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے جبکہ کچے کے علاقوں میں 80 فیصد لائن لاسسز کے باوجود 12گھنٹے بجلی فراہم کررہے ہیں۔

نواب شاہ کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جار ہی ہے، شہر اور مضافاتی علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹےبجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

ملتان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے شہری بےحال ہیں، میپکو ریجن میں 5 سے 6 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

کندھکوٹ کے کئی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جار ہی ہے جبکہ لکھی در، صدر محلہ، قاضی محلہ اور دیگرعلاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔