لاہور: قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی پیٹرول پمپس بند

June 27, 2020

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی لاہور کے بیشتر پیٹرول پمپس بند ہو گئے، جن پمپس پر پیٹرول دستیاب تھا وہاں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لائنیں لگ گئیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا تھا تو بھی نہیں ملتا تھا، اب مہنگا ہوا ہے تو بھی نہیں مل رہا۔

لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد متعدد پیٹرول پمپس بند کردیئے گئےجبکہ جو پمپس کھلے تھے انہوں نے ہائی اوکٹین بیچنا شروع کردیا۔ فی لیٹر قیمت 142 روپے سے بڑھا کر 150 روپے کردی۔

قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی شہریوں میں کھلبلی اور جلد بازی دیکھنے میں آئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد پیٹرول پمپس پر پہنچ گئی جس کے باعث کئی پمپس پر لمبی لائنیں دیکھنے میں آئیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف کورونا وبا نے کاروبار ٹھپ کر دیا ہے، اوپر سے انتہائی مہنگا پیٹرول رہی سہی کسر نکال دے گا جس سےان کا جینا مزید مشکل ہو جائے گا۔