اے این پی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

June 27, 2020


عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 66 فیصد تک اضافہ شرمناک ہے۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ شیڈول سے ہٹ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی سمری کی منظوری نے ثابت کردیا کہ فیصلے کوئی اور کروارہا ہے، جبکہ حکومت نے مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ کپتان اکثر مافیا کا ذکر کرتا رہتا ہے، خود دائیں بائیں نظر ڈالیں تو مافیا ہی مافیا ہے۔

سربراہ اے این پی نے کہا کہ تاریخ میں شاید پہلی بار مہینہ ختم ہونے سے چار دن پہلے فوری سمری منظورکی گئی اور مہینہ ختم ہونے سے پہلے عوام پر پٹرول بم گرایا گیا۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 47 روپے فی لیٹر تک ٹیکس وصول کررہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں کہ ٹیکس کی اتنی بڑی رقم کہاں اور کن کی جیبوں میں جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلام حکومت نے ان کی ہدایات پر عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا کیونکہ تیل دستیاب ہی نہیں تھا۔