جیکب آباد میں مستحق کھلاڑیوں میں راشن بیگز کی تقسیم

June 30, 2020

کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں اموات کا نہ رکنے والا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے وہیں عالمی معیشت بھی اپنی سوسالہ تاریخ کے بدترین بحران کاشکار ہے کاروبار کی بندش کے باعث اب تک کروڑوں افراد اپنی ملازمت سے فارغ ہوگئے ہیںاس موذی وائرس کی وجہ سے دنیا میں انسانی زندگی تقریبا مفلوج ہوکررہ گئی ہے موجودہ حالات میں جہاں سرمایہ دار طبقہ اس غم میں مبتلا ہے کہ اپنے کاروبار کو مزیدنقصان سے بچانے کیلئے کیا اقدامات کرے تو وہیں اب غریب کے ساتھ ساتھ متوسط طبقے کوبھی دووقت کی روٹی کمانے کی فکرلاحق ہے موجودہ صورحال میں پاکستان جیسے ملک جہاں غربت نے پہلے ہی اپنے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور کورونا کے تیزی کے ساتھ پھیلنے سے بیک وقت کئی بحرانوں نے جنم لے لیا ہے وہیں اس کے منفی اثرات سے کھیل کے میدان اورکھلاڑی بھی محفوظ نہیں رہ سکے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں منجمند ہونے اور میدانوں کے ویران ہونے کا براہ راست اثر کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں، آرگنائزرزاور گراؤنڈ اسٹاف کوہوا ہے آزمائش کی اس گھڑی میں کراچی اسپورٹس فورم نے مشکلات سے دوچار کھلاڑیوں،کوچز، امپائرز اور اسپورٹس آرگنائزر کی داد رسی کرتے ہوئے ان کے گھروں میں راشن بیگز،فیس ماسک،سینیٹائزر اور دیگراشیاء فراہم کرنے کابیڑا اٹھایا۔

کراچی میں ایک ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے بعد کے ایس ایف نے خدمت خلق کے اس کارخیر کے سلسلے کو اندرون سندھ تک وسیع کردیا جس کیلئے سید فاؤنڈیشن نے اپنا تعاون فراہم کیا اس ضمن میں جیکب آباد میں وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو کی رہائش گاہ پر جیکب آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں کورونا وائرس اور لاک ڈاون سے متاثر ہ کھلاڑیوں اورگراونڈاسٹاف اور مستحق خاندانوں میں 400راشن بیگز تقسیم کئے گئے تقریب میں ہاکی، جوڈو، جمناسٹک، باکسنگ،ملاکھڑا، کوڈی کوڈی، ونجھ وٹی، سافٹ بال، کراٹے، تائیکوانڈو،جوجسٹوایسوسی ایشنز کے نمائندوں سمیت جیکب آباد میں سومرو ہاؤس کے مینیجر راشد احمد کلہوڑو، سید فاؤنڈیشن کے نمائندے فراز اعجاز، کراچی اسپورٹس فورم کے خلدون راجہ، عبدالسبحان اور ذوالفقار احمد نے شرکت کی اس ضمن میں سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی کاکہنا تھا کہ ہم وفاقی وزیر محمدمیاں سومرو اور ان کی فیملی کے شکرگذار ہیں پانچویں مرحلے میں حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سے تعلق رکھنے والے مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ اسٹاف کی فیملیز کیلئے راشن بیگزکی تیاریوں کے کام کاآغازکردیا گیا ہے ۔