پٹرول کے بعد کل گیس قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ متوقع

June 30, 2020

اسلام آباد (حنیف خالد) پٹرول کے بعد یکم جولائی کو گیس بم دھماکے کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق گیس کی قیمتیں ڈیڑھ سے دو گنا ہو جائیں گی۔ گیس سے پورے ملک کے غریبوں‘ متوسط طبقے اور انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہو گا۔ گیس ریٹ میں اضافے کا اطلاق گھریلو‘ تجارتی اور صنعتی صارفین پر بھی کئے جانے کی تجویز ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق گیسولین‘ ران گیس نائنٹی ٹو (RANDOM OF 92) ڈالر کا ریٹ گزشتہ روز 168روپے دس پیسے تک چلا گیا جس سے پٹرول 100روپے لٹر سے تجاوز کر گیا۔ پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں ڈالر موجودہ حکومت کے دور میں 168روپے 20پیسے پر چلا گیا ہے جس کی وجہ سے پٹرول کا اوسط ایکس ریفائنری ریٹ 44روپے 82پیسے فی لٹر آیا ہے جس کے اندر تمام ٹیکس شامل نہیں۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اوگرا سے مشاورت کے بغیر پٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی کو 10روپے لٹر سے بڑھا کر 30روپے لٹر کر دیا۔ پی ڈی ایل کا یہ آل ٹائم ریکارڈ ریٹ ہے۔ پی ڈی ایل میں 20روپے کے اضافے سے فی لٹر ساڑھے 17روپے سیلز ٹیکس آٹومیٹک عائد ہو گیا۔