عمران خان کا وژن وہ ہے جسے دنیا آج فالو کر رہی ہے، شہباز گل

June 30, 2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وژن وہ ہے جسے دنیا آج فالو کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے احسن اقبال کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ جو کررہی ہے وہ مزاحمت نہیں لوٹ مار بچانے کی بھاگ دوڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ مک مکا اور ڈیل کی سیاست کی، نظریاتی لیڈر معافی مانگ کر جدہ نہیں بھاگتے۔

شہباز گل نے کہا کہ علی بابا 40 چوروں کا ٹولہ پہلے بھی دھرنے میں اپنا انجام دیکھ چکا ہے، ن لیگ، پی پی کبھی بھی الگ نہیں تھیں، نورا کشتی سے بیوقوف بناتی رہیں، بجٹ سیشن میں متحدہ اپوزیشن کا انجام باسی کڑھی کا اُبال ثابت ہوا۔

اُن کا کہنا ہے کہ آپ کے وژن اور گورننس کا پول موڈیز نے اپنی ریٹنگ منفی کرکے کھول دیا تھا جبکہ عمران خان کا وژن وہ ہے جسے دنیا آج فالو کر رہی ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے مزید کہا کہ آپ کا لاک ڈاؤن وژن دنیا میں آپ کی طرح ناکام ثابت ہو رہا ہے۔