اسٹیٹ بینک،کارکنوں کی مدد کیلئے روزگار اسکیم میں تین ماہ کی توسیع

July 01, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کارکنوں کی مدد کے لیے روزگار اسکیم میں مزید تین ماہ کی توسیع کردی اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے اس کا دائرۂ کار بڑھا دیا کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اسٹیٹ آف پاکستان نے کاروباری اداروں اور گھرانوں کو معاشی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے۔منگل کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے 17 مارچ 2020ء سے پالیسی ریٹ کو مجموعی طور پر 625 بیسس پوائنٹس کم کرکے نجی اور سرکاری کاروباروی اداروں اور گھرانوں کی مالی لاگت کم کردی۔ کاروباری اداروں اور گھرانوں کے لیے نقد رقم کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے قرضوں کی اصل رقم کے التوا اور قرضوں کی تشکیل نو کی اجازت دی۔ ان اقدامات کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے کووڈ 19 کے معاشی اثرات کا مقابلہ کرنے کی خاطر روزگار اور سرمایہ کاری کی معاونت کے لیے متعدد ری فنانس اسکیمیں متعارف کرائیں۔ اسٹیٹ بینک نے روزگار اسکیم میں مزید تین ماہ کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت پاکستان کی شراکت سے اس اسکیم کے تحت ایس ایم ایز کے لیے رِسک کوریج میں اضافہ کردیا ہے۔