پی آئی اے کے ٹکٹوں کی فروخت میں مبینہ فراڈ

July 02, 2020

قومی ایئرلائنز پی آئی اے کے ٹکٹوں کی فروخت میں مبینہ فراڈ سامنے آیا ہے۔ سیالکوٹ میں پی آئی اے آفس میں ٹکٹوں کی فروخت کے مبینہ فراڈ میں قومی ایئرلائن کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے سیکورٹی اینڈ ویجیلنس کو ایک شکایت موصول ہوئی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ سیلز آفس سیالکوٹ میں مسافر وں کو طے شدہ قیمت سے کم پر ٹکٹیں بیچ کر 62 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

پی آئی اے سیکورٹی اینڈ ویجلینس نے کارروائی کر کے پی آئی اے سیلز آفس سیالکوٹ میں کیا گیا فراڈ پکڑ لیا اور جعلسازی سے جاری کیے گئے ٹکٹ منسوخ کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر عاصم امتیاز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ کیا جبکہ لاک ڈاؤن سے پہلے بک کیے گئے تمام کم قیمت ٹکٹ روک دیے گئے تھے۔ لیکن پی آئی اے سیالکوٹ کے عملے نے مبینہ طور پر رشوت لے کر 48 مسافروں کو خصوصی پروازوں کے لیے پرانی قیمت پر ہی ٹکٹ جاری کر دیے۔

یہ ٹکٹ سیالکوٹ سے میلان، بارسلونا اور دیگر ممالک جانے والی شیڈول پروازوں کے لیے بک کیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹکٹ 25 اور 26 جون کو رات گئے گھر کے کمپیوٹر سے غیر قانونی طور پر بار کوڈ لگا کر جاری کیے گئے۔

کئی مسافر پرانی قیمت پر حاصل کیے گئے ٹکٹ پر بیرون ممالک جانے میں کامیاب بھی ہوگئے ہیں۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملوث عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ انکوائری ایف آئی اے کے سپرد بھی کی جاسکتی ہے۔