اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا تھا، گورنر

July 02, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسما عیل نے کہا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ کا مقصد پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچانا تھا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ میں شہید اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فورسز کے جوانوں کے اعزاز میںگورنرہاؤس میں تقریب ”پذیرائی برائے شہداءو غازی“ کے عنوان سے منعقد کی گئی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے شہداءکے اہل خانہ اور جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد رقم دی ۔تقریب میں شہید سب انسپکٹر شاہد علی کے بیٹے تنویر نے گورنرسندھ سے تعریفی اسناد اور نقد رقم حاصل کی اسی طرح سیکیورٹی گارڈ کے فرائض انجام دینے والے شہداءخدا یار خان کے بیٹے محمد عزیر ، شہید افتخار کے بیٹے ارسلان اور شہید حسن کے بیٹے شکیل نے گورنرسندھ سے تعریفی اسناد اورنقد رقم وصول کی ۔ تقریب میں زخمی سپاہی سعید اکرم کی طرف سے ان کی بیوی ، سپاہی امتیاز علی کے بھائی سجاد اور زخمی سپاہی شہزاد نے گورنرسندھ سے تعریفی اسناد اورنقد رقم وصول کی ۔تقریب میں گورنرسندھ نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والے آر آر ایف کے سپاہی محمد رفیق سومرو اور ایک ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنے والے سپاہی محمد سلیم اور سپاہی خلیل الرحمن کو تعریفی اسناد اور نقد رقم دی جبکہ دہشت گردوں کو چاروں طرف سے گھیرنے اور ان کو آگے نہ بڑھنے دینے والے سپاہیوں ناصر عباس ، اسد احمد اور اعجاز علی کو بھی تعریفی اسناد اور نقد رقم دی گئی ۔