کسٹمز کلکٹریٹ کی ٹیم کا کورئیر کمپنی کے دفتر پر چھاپہ، ممنوعہ انجیکشن برآمد

July 02, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کسٹمز ایئرپورٹ کلکٹریٹ کا ایک نجی کورئیر کمپنی کے دفتر پر چھاپہ ، ساوتھ افریقہ سے بھیجے گئے 2پارسل سے ایک کروڑ 6لاکھ روپے مالیت کے 3550ممنوعہ بوسٹن انجیکشن برآمد ، 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ،کسٹمز ترجمان ایس ایم عرفان کے مطابق کلکٹر عرفان ار رحمان خان کو ملنے والی اطلاع پر کسٹمز کلکٹریٹ کی ٹیم نے ائرپورٹ پر قائم ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر پر کاروائی کی اور 2پارسل ضبط کئے جو کہ ساوتھ افریقہ سے ڈاکٹر عبید خان اور محمد ایوب نامی افراد کے نام بھیجے گئے تھے ، ان پارسل کو کھولا گیا تو ان میں سے 3550 ممنوعہ بوسٹن انجیکشن برآمد ہوئے جن کی مالیت ایک کروڑ 6لاکھ سے زیادہ ہے جس پر پارسل منگوانے والے ڈاکٹر عبید خان اور محمد ایوب نامی افراد کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے ترجمان کے مطابق بوسٹن انجیکشن کی پاکستان درآمد پر پابندی ہے یہ انجیکشن بھینسوں کو زیادہ دودھ کے لئے لگائے جاتے ہیں،لیکن ان کے مضر اثرات کی وجہ سے ان پر پابندی لگائی گئی ہے ، رواں ماہ ایئرپورٹ کلکٹریٹ کے عملے نے مختلف کارروائیوں میں 8کورئیر پارسلز کو قبضہ میں لے کر دو کروڑ چھیاسی لاکھ روپے مالیت کے 8835 ممنوعہ بوسٹن انجیکشن ضبط کئے ہیں اور پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔