چچا محبت خان کی فائرنگ،محبت کرنے والی بھتیجی زخمی،دوست ہلاک

July 02, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اورنگی ٹاؤن میں غیرت کے نام پرچچا کی اندھا دھند فائرنگ سے لڑکا جاں بحق اوربھتیجی شدید زخمی ہوگئی ،جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود قصبہ بلوچ گوٹھ میں گھر میں فائرنگ سے لڑکی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، لاش اورزخمی لڑ کی کو اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 18 سالہ زاہد عرف مٹو ولد حبیب اللہ اور زخمی لڑکی کی شناخت 17 سالہ ناہید دختر نذیز کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پتہ چلا ہے کہ مقتول اور لڑکی کے آپس میں تعلقات تھے، جس پر لڑکی کے چچا محبت خان نے غیرت کے نام پر دونوں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی ، زخمی لڑکی کی حالت بھی تشویشناک بنائی جاتی ہے ، پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے خول تحویل میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔