شان شاہد ’پلس ون، مائنس آل‘ فارمولے کے حامی

July 02, 2020

ماضی میں پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد نے مائنس ون فارمولے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ’مائنس آل‘ کا فارمولا پیش کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم اس وقت ملک میں حق کی راہ پر اکیلے گامزن ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’عمران خان جس راہ پر گامزن ہیں اُس پر بدعنوانی کرنے والوں کو سزائیں ملیں گی جبکہ کمزور اٹھ کھڑا ہوگا۔‘

شان نے وزیر اعظم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ ’عمران خان آپ ثابت قدم رہیں ، کیونکہ کوئی بھی طوفان اس کشتی کو نقصان نہیں پہنچا سکتا جس کی منزل ساحل تک پہنچنا ہو۔‘

شان شاہد نے لکھا کہ ہم وزیر اعظم کے ساتھ ہیں، اللہ عمران خان کا حامی و ناصر ہو۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے ہیش ٹیگ ’پاکستان زندہ آباد‘ سمیت ’پلس ون ‘ اور ’مائنس آل‘ استعمال کیا۔