حکومت پر تنقید کے بجائے اپوزیشن اپنے گریبان میں جھانکے، فیاض الحسن

July 03, 2020

وزیرِ اطلاعات پنجابفیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پر تنقید میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپوزیشن اپنے گریبان میں جھانکے،’’حکومت جانے والی ہے‘‘ کا پہاڑا پڑھنے والے اپنی صفوں کی طرف نظر دوڑائیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن ارکان کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات فلور کراسنگ کے زمرے میں نہیں آتی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اراکین کی عثمان بزدار سے ملاقات اپوزیشن کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلارملز کو گندم اجرا سے 20 کلو کا تھیلا 1050 روپے سے کم ہو کر 850 روپے پر دستیاب ہوگا۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔