لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آئین اور عدلیہ پر مکمل یقین رکھتے ہوئے پرامن تحریک چلارہے ہیں، متحرک تنظیمیں

July 04, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کیلئے متحرک تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک سینیٹر نے میڈیا پر رائٹ ٹو ایپری ہنشن کی غلط وضاحت کی ہے ۔ جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مبینہ طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے متحرک تنظیمیں ملکی آئین اور عدلیہ پر مکمل یقین رکھتے ہوئے پرامن تحریک چلارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اگر کوئی بھی شہری ماورائے قانون سرگرمیوں میں ملوث ہے تو اس کو گرفتار کرکے عدالتوں میں پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک سینیٹر نے گزشتہ روز میڈیا پر رائٹ ٹو ایپری ہنشن کی غلط وضاحت کی ہے اس سے قبل بھی انہوں نے سینیٹ کے فلور پر مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد کو انتہائی کم ظاہر کرکے اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔