سی پیک پر بھرپور کام جاری ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ

July 07, 2020

سی پیک پر بھرپور کام جاری ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئر مین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ۔19کی موجودہ صورتحال کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری میگا پراجیکٹ پر بھرپورکام جاری ہے۔

گزشتہ دس روز میں 4ارب ڈالرکی سرمایہ اور 1800میگاواٹ سستی بجلی کےدو معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ‘ان ہائیڈل منصوبوں سے 8ہزارافرادکو روزگار ملے گا ‘ مستقبل قریب میں سی پیک کے تحت مزید منصوبوں پر دستخط ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو آزاد پتن ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجودتھے ۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پراجیکٹ سے نہ صرف 701میگا واٹ کلین اور کم لاگت بجلی حاصل ہوگی بلکہ اس سے 1.5 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی ترغیب ملے گی۔