چینل 24 نیوز کی نشریات بحال کر نے کا حکم

July 07, 2020


لاہور ہائی کورٹ نے چینل 24 نیوز کی نشریات بحال کر نے کا حکم دیتے ہوئے چینل بند کرنے کا پیمرا کا حکم نامہ معطل کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست پر 24 نیوز کا لائسنس بحال کردیا،پیمرا کی طرف سے عدالت کو بتایا گیاکہ چینل کی بندش کا حکم مجاز اتھارٹی نے جاری کیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا مجاز اتھارٹی عدالت سے بالا ہے؟ عدالت نے وفاقی حکومت اور پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جولائی کو جواب طلب کر لیا ہے ۔

عدالت نےسماعت کے دوران پیمرا کی حکم امتناعی جاری نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی، سٹی نیوز نیٹ ورک کی جانب سے سید مصطفیٰ نقوی اور سید مرتضیٰ نقوی پیش ہوئے۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار طاہر نصراللہ وڑائچ ، ممبر پاکستان بار احسن بھون اور سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار شفقت محمود چوہان بھی عدالت میں موجود تھے۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 8جولائی کو میٹنگ منٹس پیش کیے جائیں، عدالت اس کا فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں کی بڑی تعداد بھی عدالت میںموجود تھی۔