حضرت فاطمۃ الزہرہؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے سے کامیابی ملے گی، علمائے کرام

July 08, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) فاطمہ بنت الرسولؐ تمام جہانوں کی عورتوں کی سردار ہیں۔ آج کے اس نفسا نفسی کے عالم میں حضرت فاطمہ الزہرہ ؓ کی تعلیمات بالخصوص خواتین کیلئے مشعل راہ ہیں، ان پر عمل پیرا ہوکر دنیا میں کامیابی اور آخرت میں نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مبلغ اسلام صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے صاحبزادہ متعین چشتی، دانیال چشتی کی نانی مرحومہ، وقاص، بلال اور کاظم کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میں کثیر تعداد میں عزیز و اقارب نے شرکت کی، کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سماجی فاصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے گئے تھے۔ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے مزید کہا کہ جو افراد دنیا سے رخصت ہوجائیں ا ن کے ایصال ثواب کے لئے و دعا مغفرت کرنا نیک عمل ہے۔ تلاوت کلام پاک تسلسل کیساتھ کرتے رہنا باعث ثواب ہے۔ آج کے دور میں ہماری خواتین سے خصوصی گزارش ہے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں خاتون جنت کی سیرت کو اپنا کر روحانی تسکین حاصل کریں۔ ہمیں ان نفوس قدسیہ کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے۔ صاحبزادہ متعین چشتی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت فاطمہ الزہرہ اپنانے سے گھروں میں سکون اور برکت ہوگی۔ آخر میں اجتماعی دعا کی گئی اور طعام کا اہتمام کیا گیا۔