مایا علی کی زندگی میں سُپر ویمن کون ہیں؟

July 08, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے اپنی والدہ کو اُن کی زندگی کی سُپر ویمن قرار دے دیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مایا علی نے اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر اُن کے ہمراہ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اپنی والدہ کو گلے سے لگایا ہوا ہے۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مایا علی نے اپنی والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری پیاری امّاں ویسے تو میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہوتا ہے لیکن جب آپ کی بات آتی ہے تو مجھے الفاظ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔‘

مایا علی نے لکھا کہ ’امّاں آپ نے ہمیشہ میری مدد کی، میں نے جب بھی اپنے مشکل وقتوں میں اپنی طاقت کھوئی تو آپ نے مجھے ہمت دی اور میرے ساتھ کھڑی رہیں۔‘

اداکارہ نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب ہم نے بابا کو کھویا تو اُس وقت بھی آپ نے ہمیں سنبھالا اور ہماری حفاظت کی، بابا کے جانے کے بعد ایسا لگتا تھا کہ ہم نے سب کچھ ہی کھو دیا ہے لیکن اللّہ کا شکر ہے کہ اُس وقت بھی آپ ہمارے ساتھ تھیں۔‘

اُنہوں نے اپنی والدہ کو سُپر ویمن قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’امّاں آپ میری زندگی کی سُپر ویمن ہیں، آپ میری خوشی ہیں، میری زندگی ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنی والدہ کی لمبی عُمر اور تندرستی کے لیے بھی دُعا کی۔