جنگ، جیو کے ایڈیٹر اِنچیف کی گرفتاری کےخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

July 08, 2020

جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

راولپنڈی
راولپنڈی میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف صحافی اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد احتجاج میں شریک ہوئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک میر شکیل الرحمٰن کو انصاف مہیا نہیں کیا جاتا تب تک آزادی صحافت کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

لاہور
لاہور میں میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لئے علامتی بھوک ہڑتال کرنے والے سینئر صحافی ازہر منیر نے انقلابی نظم سنائی۔

سینئر صحافی شاہین قریشی، مقصود بٹ، ظہیر انجم سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ان کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پشاور
پشاور میں صحافیوں نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ
کوئٹہ میں نیشنل پریس کلب قلعہ عبداللّٰہ کے صحافی اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے میرشکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

بہاولپور
بہاولپور میں سینئر صحافی امین عباسی، آصف کبیر، امین باسط کا کہنا تھا کہ تمام صحافی میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

سرگودھا
سرگودھا میں پریس کلب سے خوشاب روڈ تک صحافیوں نے ریلی نکالی. صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری، گروپ لیڈر شاہین فاروقی، ملک محمد اصغر، رانا ساجد اقبال، جنرل سیکرٹری پریس کلب نے مظاہرے کی قیادت کی۔

نواب شاہ
نواب شاہ میں کلاتھ مارکیٹ کے سامنے صحافیوں اور کلاتھ و کریانہ مرچنٹ یونین کے رہنماؤں نے احتجاج کیا۔