کپتان سنچری بنانے کی بجائےزیرو پر ہی کلین بولڈ ہو گئے،خانم اللہ ایڈوکیٹ

July 09, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے صوبائی سینئر نائب صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کپتان کی طرف سے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے سنچریاں بنانے ملک میں دودھ و شہد کی نہریں بنانے، اربوں روپے کی لوٹی ہوئی دولت ملک واپس لانے 90روز میں تبدیلی لانے کرپشن کے خاتمے اور چھ ماہ میں نیا پاکستان اور ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے بھڑکیں ماری گئیں تھیں لیکن نااہل کپتان اور نالائق کلاڑیوں کی وجہ سے حکمران جماعت سنچریاں بنانے کی بجائے زیرو ہی کلین بولڈ ہو گئی۔ کپتان کی اب پویلین واپسی یقینی ہو گئی ہے۔ خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے وزرا اور کرایہ کے مشیروں و معاونین کو اپوزیشن قائدین کی کردارکشی کے ٹاسک دے دیا گیا حکمرانوں کی کشتی ڈوبنی والی ہے اور حکمران جماعت کے سیاسی بھگوڑوں نے حکمران جماعت کے آشیان سے اڑ کر دوسرے آشیانوں میں جانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ حکمران کے اندر بڑھتے ہوئے اختلافات اور اتحادیوں کی ناراضگی حکمرانوں کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے وزیراعظم کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ اپنی نااہلی نالائقی ناکامی اور مافیا کی سرپرستی کو تسلیم کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جائیں اگر عوام سڑکوں پر نکلے تو دما دم مست قلندر ہو گا اور سلیکٹڈ حکمرانوں اور عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ بجٹ منظوری کے لئے سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنے سے وزیراعظم پارلیمنٹ کا اعتمادکھو چکے ہیں۔ حکمرانوں پر بڑھتے ہوئے دبائو سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے برطانیہ اور یورپ کے آٹھ ممالک سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ چوہدری فواد، مراد سعید، فیصل داڑو، فیاض الحسن چوہان او دوسرے نااہل وزرا کی اشتعال انگیزی سے حکمران کے لئے مزید مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔