کورنگی تھانے کے لاک اپ سے 2 ملزمان فرار، تعینات اہلکار گرفتار

July 10, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے لاک اپ سے 2 ملزمان فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے لاک اپ سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دو ملزمان عثمان اور نور فرار ہو گئے، دونوں ملزمان چوری کے مقدمہ میں گرفتار اور ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے، ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق تھانے میں تعینات نائٹ شفٹ کے اہلکاروں کو غفلت برتنے پر گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ، ایس ایس پی کورنگی کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے ایس ایچ او ، ہیڈ محرر ، ڈیوٹی آفیسر کو معطل اور شو کاز نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں، واقعہ کی انکوائری ایس پی لانڈھی شاہنواز کے سپرد کردی گئی ہے۔