غیرمعمولی حالات میں کرکٹرز کو ذہنی طور پر مضبوط بنانا اہم، مشتاق احمد

July 11, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو خود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی،ساتھ ہی کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانا انتظا میہ کیلئے اہم ہوگا۔ کووڈ 19 کے باعث اسٹیڈیم میں تماشائیوں موجود نہیں ہوں گے۔ ٹور غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داریوں میں سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے۔ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے۔ کھلاڑیوں کو کووڈ 19 کے پروٹوکولز سے مکمل آگاہ کر رہے ہیں جس میں گراؤنڈ میں سے فاصلہ رکھنا اور گیند کو تھوک سے نہ چمکانا ہے کیونکہ ماضی میں اسپنرز عموماً گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یاداشت کا مکمل حصہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔ یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں ووسٹر کے بائیو سیکیور ماحول میں قرنطینہ کر رہی ہے جہاں وہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیرنگرانی مختلف تربیتی سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے میں مصروف ہے۔