سندھ حکومت نے CSR کی قانون سازی کیلئے کمیٹی بنادی

July 11, 2020

کراچی (امداد سومرو) سندھ حکومت نے صوبہ سندھ کیلئے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) لاء کی قانون سازی اور تشکیل کیلئے ایک کمیٹی بنادی۔ ماہر قانون کا کہنا ہے کہ اس قانون سازی کے بعد سندھ اس اہم معاملے پر اقدامات کرنیوالا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا۔ سی ایس آر سے متعلق پاکستان میں ایسا کوئی قانون نہیں جو کمپنیوں اور صنعتی یونٹوں کو اس علاقے کی ترقی پر مخصوص رقم خرچ کرنے کا ذمہ دار بنائیں جہاں وہ کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ چند کمپنیاں، صنعتی یونٹس، تیل و گیس کی کمپنیاں اور کارپوریٹ آرگنائزیشنز مخصوص رقم یا اپنے منافع میں سے مخصوص فیصد سی ایس آر کی مد میں ان علاقوں کی ترقی پر خرچ کر رہی ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر ایک پیسا بھی خرچ نہیں کرتیں اور اس مقصد کیلئے کوئی بھی قانون انہیں مجبور نہیں کرتا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2013 میں سپریم کورٹ نے تیل و گیس کی تمام کمپنیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور سی ایس آر کی مد میں ان علاقوں کی بہتری کیلئے اپنے منافع میں سے مخصوص فیصد خرچ کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ تیل و گیس کی تلاش کے ان کے علاقوں کے پانچ کلومیٹر کے رداس میں رہائش رکھنے والے تمام افراد کو گیس کے کنکشنز فراہم کئے جاسکیں۔