پولی کلینک اور پمز میں کورونا رسک الائونس کی ادائیگی کیلئے لسٹیں طلب

July 11, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوشین حامد نے پولی کلینک اور پمز ہسپتال میں کورونا رسک الائونس کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔ جمعہ کو ہونیوالی ملاقات میں صدر وائی ڈی اے اسلام آباد ڈاکٹر فضل ربی اور نائب صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی بھی شامل تھے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت نے رسک الائونس کی فوری ادائیگی کیلئے لسٹیں طلب کر لیں۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے گریڈ17 سے20 تک کے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہیلتھ کیئر ورکرز کے تحفظ کیلئے قانون سازی میں کردار ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ صدر ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ ڈاکٹر نوشین کی میڈیکل کمیونٹی کیلئے تمام خدمات قابل ستائش ہیں۔