کورونا نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ‘صوبائی وزیر

July 12, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور صوبے میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تحصیل بریکوٹ میں کوٹہ فیڈر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا وباء نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا لیکن اس کے باوجود صوبے میں ترقیاتی کاموں کا پہیہ نہیں رُکا اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تحصیل بریکوٹ کو نظر انداز کیا گیا تھا جس کے باعث اہل علاقہ کو دیگر مسائل کے ساتھ بجلی کی بے تحاشہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑا رہا تھا تاہم موجودہ حکومت میں ان مسائل کے حل کرنے کے حوالے سے خصوصی توجہ دی گئی اور کئی فیڈرز کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ کوٹہ فیڈر کے افتتاح سے علاقے میں بجلی کے مسائل میں کمی آئیگی اور دوسرے فیڈرز پر لوڈ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈر سے علاقہ میں زمینداروں کو بجلی کی فراہمی ممکن بنانے سے آب نوشی کے حوالے سے درپیش مسائل حل ہونگے اور ان کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔