بڑھتی ہوئی آبادی ایک قومی مسئلہ ہے، معاون خصوصی

July 12, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ایک قومی مسئلہ ہے جس کو اگر غیر سنجیدگی سے لیا گیا تو موجودہ 22کروڑ کی آبادی اگلی دو تین دہائیوں میں دگنی ہو جائے گی۔ ان افراد کے لئے صحت، تعلیم، پینے کا پانی، انفراسٹرکچر، روزگار اور فوڈ سیکیورٹی دینا حکومت کے لئے انتہائی کٹھن کام ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے عالمی یوم آبادی کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فی مربع کلومیٹر پر تقریبآ 250 نفوس ہیں لیکن آنے والے وقتوں میں یہ شرح 500 نفوس تک پہنچ جائے گی۔ پاکستان میں آبادی کی شرح نمو 2.05 فی صد ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ شرح 2.08 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فرٹیلیٹی شرح بہت زیادہ ہے ایک خاتون اوسطا چار بچے پیدا کر رہی ہے جو کہ جنوبی ایشیا میں دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ آبادی کے اضافے کو مکمل طور کنٹرول نہیں کیا جا سکتا لیکن بہتر خاندانی منصوبہ بندی سے اس مسئلے کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان میں 35 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ ایسے حالات میں خاندانی منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بصورت دیگر غربت کی وجہ سے بچے غذائی قلت کی وجہ سے سٹنٹنگ کا شکار ہو نگے۔ان کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سالانہ 9ملین حمل ہوتے ہیں جس سے 5 ملین حمل ارادی طور پر جبکہ 4 ملین حمل غیر ارادی ہوتے ہیں۔