میونسپل کارپوریشن پارکنگ پلازوں کیلئے فوری اقدامات اٹھائے‘ کمشنر

July 12, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود کو راولپنڈی شہر میں پارکنگ پلازوں اور ٹریفک جام کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سی ٹی او و میونسپل کارپوریشن کی جانب سے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کے فٹ پاتھ کو روزانہ کی بنیاد پر کلیئر رکھا جا رہا ہے نیز رحمان آباد سے گاڑیوں کے جمعہ بازار کے رش کو بھی کلیئر کیا جا رہا ہے۔ 6thروڈ سروس روڈ پلان کو بھی وزٹ کیا جا چکا ہے اور کچہری چوک کا پروپوزل بھی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھجوایا جا چکا ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن پارکنگ کم کمرشل پلازوں کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور جناح روڈ‘ بنی مارکیٹ‘ ففتھ روڈ کمرشل مارکیٹ و چلڈرن پارک کمرشل مارکیٹ پر جلد پیشرفت کی جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ نازیہ سدھن‘ ڈی جی آرڈی اے عمارہ خان‘ اے ڈی سی آر شعیب علی‘ اے سی جی سبطین کاظمی‘ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمران صفدر‘ ایکسین بلڈنگ عمران علی‘ ایکسین سمال ڈیم عمیر علی‘ اسسٹنٹ کمشنر صہیب احمد‘ کنسلٹنٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ کچہری چوک، فوارہ چوک، جناح روڈ، غزنی مارکیٹ، بنی مارکیٹ اور کمرشل مارکیٹ میں پارکنگ پلازوں سے ٹریفک جام کے دیرینہ مسائل میں بھی کمی آئیگی۔